خبرنامہ

سڈنی ٹیسٹ، پاکستان نے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لئے

سڈنی (ملت + آئی این پی) آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 538 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی جب کہ پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اظہر علی اور یونس خان کی نصف سنچریوں کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لئے ۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لئے ۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا لیکن اپنے جارح مزاج کھیل کی وجہ سے مشہور شرجیل خان صرف 4 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے جب کہ بابر اعظم بھی صفر پر ہیزل ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ صرف 6 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد اظہر علی اور یونس خان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں طرف اسٹروک کھیلے اور دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اظہر علی 58 اور یونس خان 64 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود رہے، دونوں بلے بازوں کے درمیان 120 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے۔ قومی ٹیم کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لئے مزید 412 رنز درکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔قبل ازیں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز 538 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نا مکمل اننگز کا آغاز کیا تو میٹ رینشا 167 اور ہینڈس کومب 40 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، رینشا 184 کے انفراد ی اسکور پر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے جب کہ ڈیبیو کرنے والے ہلٹن کارٹ رائٹ کو بھی 477 کے مجموعی اسکور پر عمران خان نے بولڈ کیا، انہوں نے 37 رنز بنائے۔ ہینڈس کومب نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی اور 110 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر ہٹ وکٹ ہو گئے۔میتھیو ویڈ 29 رنز بنا کر اظہر علی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ مچل اسٹارک بھی 2 چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنا کر اظہر علی کا شکار بنے۔ اظہر علی نے ایک ہی اوور میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عمران خان نے 2، وہاب ریاض نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔گزشتہ روز آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ڈیوڈ وارنر سے ابتدا ہی سے پاکستانی بولرز کو تگنی کا ناج نچائے رکھا اور صرف 95 گیندوں پر 113 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عثمان خواجہ 13 اور اسٹیون اسمتھ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔