خبرنامہ

شائق کی پٹائی پر صابر رحمان کو سخت کارروائی کا سامنا

شائق کی پٹائی پر صابر رحمان کو سخت کارروائی کا سامنا

ڈھاکا:(ملت آن لائن) دوران میچ نوجوان شائق کی پٹائی لگانے والے بنگلہ دیشی بیٹسمین صابر رحمان کو سخت کارروائی کا سامنا ہے جب کہ انھیں چند میچز سے پابندی کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد ہوسکتا ہے۔ گزشتہ ہفتے ڈھاکا میٹروپولس کیخلاف نیشنل کرکٹ لیگ میچ میں راجشاہی کی نمائندگی کرنے والے بیٹسمین صابر رحمان پر الزام ہے کہ انھوں نے مقابلے کے دوران ہی ایک نوجوان شائق کی بری طرح پٹائی کی ہے۔ فیلڈنگ کرنے والے صابر کے بارے میں اسٹینڈز سے کسی نے آواز کسی جس پر انھوں نے امپائر سے فیلڈ سے باہر جانے کی اجازت لی اور پھر سائٹ اسکرین کے پیچھے جاکر ایک نوجوان لڑکے کو زدوکوب کیا، جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اسے پلیئنگ فیلڈ تک صابر کا اسٹینڈ میں موجود کوئی شناسا لے کر آیا تھا۔ ریزرو امپائر نے صابر کو مار پیٹ کرتے دیکھ کر اس کی میچ ریفری کو رپورٹ کی جس نے اسے بی سی بی کے کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیف اکرم خان کے پاس بھیجا، اب یہ معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے پاس پہنچ چکا ہے جس نے کرکٹر کے خلاف لیول 4 کی خلاف ورزی کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ جب کھیل کے تیسرے روز میچ ریفری شوکت الرحمان نے صابر کو اس واقعے سے متعلق پوچھ گچھ کیلیے طلب کیا تو وہ ان سے بھی بدتمیزی سے پیش آئے۔ ڈسپلنری کمیٹی کے وائس چیئرمین شیخ سہیل کہتے ہیں کہ اگر صابر قصور وار پائے گئے تو ان کو اپنی اس حرکت کی سخت سزا بھگتنا پڑے گی، لیول 4 کی خلاف ورزی پر کئی میچز کی پابندی اور 5 لاکھ ٹکا تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔