خبرنامہ

شرجیل خان کے دل میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی خواہش مچلنے لگی

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) جارح مزاج قومی اوپننگ بلے باز شرجیل خان نے طویل فارمیٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ہر انٹرنیشنل کرکٹر کا خواب ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا وہ تمام فارمیٹس میں خود کو اچھا بیٹسمین ثابت کرنا چاہتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں وہ ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ شرجیل خان نے کہاجب بھی انہیں پاکستان کی جانب سے کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ میں طویل فارمیٹ کیلئے سلیکشن کمیٹی اضافی اوپنر لے جانے پر غور کر رہی ہے اور27سالہ اوپنر بھی سلیکٹرز کی نظروں میں آنے کیلئے پر امید ہیں۔انہوں نے کہا وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی قومی ٹیم کیلئے کارآمد ثابت ہونا چاہتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اگر موقع دیا گیا تو وہ مایوس نہیں کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا یہ تاثر غلط ہے کہ وہ چوکوں اورچھکوں کے بغیربہتر تکنیک کے ساتھ طویل اننگز نہیں کھیل سکتے بلکہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس سے کہیں زیادہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے اہل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی توجہ زیادہ دیر تک کریز پر ٹھہر کر ہر سمت شاٹس کھیلنے پر ہے ۔واضح رہے کہ شرجیل خان ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈ میں تو اپنی جگہ مستحکم کر چکے ہیں مگر اب وہ طویل فارمیٹ کھیلنے کیلئے کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔