خبرنامہ

شعیب اختر نے چیئرمین پی سی بی کے مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے چیئرمین پی سی بی کے مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

شعیب اختر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے استعفے کا ذکر کیا اور کہا کہ میں نے پی سی بی کے چیئرمین کے مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

یاد رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے شعیب اختر کو اپنا مشیر مقرر کیا تھا۔

نئی حکومت کے قیام کے بعد نجم سیٹھی نے چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد احسان مانی اس عہدے پر فائز ہوگئے۔

فاسٹ بولر شعیب اختر قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے 46 ٹیسٹ، 163 ون ڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ انہوں نے ٹیسٹ کیرئیر میں 178، ون ڈے میں 247 اور ٹی ٹوئنٹی میں 19 وکٹیں حاصل کیں۔