شعیب ملک نے اپنی خیریت سے آگاہ کردیا، دعاؤں کی درخواست
لاہور:(ملت آن لائن) سر پر گیند لگنے کے بعد شعیب ملک نے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کرتے ہوئے دعاؤں کی درخواست کردی ہے۔ پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ” الحمدللہ میں اچھا محسوس کر رہا ہوں“ اس کے ساتھ ہی انہوں نے از راہ مذاق کہا کہ ”جو بال مجھے لگی تھی اس کی حالت خطرے میں ہے۔ “ انہوں نے شائقین کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا ” تمام دوستوں کا نیک خواہشات، پیغامات اور ٹویٹس کے لیے شکریہ، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔“
بیٹنگ کے دوران شعیب ملک کے سر پر گیند لگ گئی
واضح رہے کہ ہیملٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں شعیب ملک اسپن بولنگ کی وجہ سے ہیلمٹ کے بغیر کریز پر چلے گئے تھے، کریز میں واپس جاتے ہوئے فیلڈر کی تھرو ان کے سر کے پچھلے حصے پر لگی تھی اور انہوں نے اس وقت ہیلمٹ نہیں پہن رکھا تھا، آل راؤنڈر نے فوری طبی امداد کے بعد بیٹنگ جاری رکھی تھی تاہم 6 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے تھے، بعد ازاں سر چکرانے کی وجہ سے وہ فیلڈنگ کے لیے میدان میں نہیں آئے تھے۔