بنگلہ دیشی:(اے پی پی) بنگلہ دیشی کرکٹر شکیب الحسن کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا ۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر شکیب الحسن اور ان کی اہلیہ کو ڈھاکا کے قریبی علاقے میں چھوڑ کر واپس جارہا تھا کہ ساحل کے قریب گرکر تباہ ہوگیا۔ اس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر مجھے اور اہلیہ ام احمد کو کمرشل کی ریکارڈنگ کے لئے سی ریزورٹ میں چھوڑ کر واپس ڈھاکا جارہا تھا کہ صرف ڈیڑھ کلومیٹر کی اڑان بھرنے کے بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ ہلاک شخص کی شناخت شاہ عالم کے نام سے ہوئی ہے۔ جب کہ زخمی ہونے والے 4 افراد میں ریٹائرڈ پائلٹ ونگ کمانڈر شفیق الاسلام بھی شامل ہیں جنہیں قریبی نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ میں میری اہلیہ محفو ظ ہیں۔ ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے کچھ کہہ نہیں سکتا تاہم حادثے کا سن کر دھچکا لگا اور اب تک صدمے کی حالت میں ہوں ۔ شکر ادا کرتا ہوں کہ میں اور میری اہلیہ ہیلی کاپٹر میں سوار نہیں تھے۔