خبرنامہ

شہر یار خان نے 2ماہ کے بعد اپنے عہدہ کی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لیں

لاہور۔24 اکتوبر(ملت + اے پی پی ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے 2ماہ کے بعد سوموار کے روز پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں اپنے عہدہ کی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لیں ۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ،علی ضیاء ، سٹاف ممبران اوردیگر عہدیداران نے قذافی سٹیڈیم میں ان کا والہانہ استقبال کیا۔ چیئر مین پی سی بی دل کے آپریشن کی وجہ سے 2 ماہ سے لندن میں تھے اور صحت یاب ہونے کے بعد چند روز قبل ہی لندن سے وطن واپس پہنچے تھے ۔صحت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے وہ آئی سی سی کے اجلاس میں بھی شرکت نہ کرسکے تھے جس کی وجہ سے ان کی جگہ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سٹیھی نے آئی سی سی کے اجلاس میں پی سی بی کی نمائندگی کی تھی ۔چیئرمین پی سی بی کی ہارٹ سرجری کی وجہ سے ملک میں افواہیں گردش میں تھیں کہ چیئرمین پی سی بی شاید اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں لیکن پی سی بی میں اپنے عہدے کی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالنے کے بعدتمام افواہیں دم توڑ گئیں ۔چیئرمین پی سی بی نے اپنے عہدہ کے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سے پی سی بی کے معاملات کی بریفنگ لی۔