خبرنامہ

عامر خان بیوی کی توہین پر کینیڈین باکسر پر ٹوٹ پڑے

عامر خان بیوی

عامر خان بیوی کی توہین پر کینیڈین باکسر پر ٹوٹ پڑے

لندن:(ملت آن لائن) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اپنی بیوی فریال مخدوم اور نجی زندگی کے بارے میں نازیبا کلمات کہنے پر پریس کانفرنس کے دوران سب کے سامنے کینیڈین باکسر فل لو گریکو کے منہ پر پانی کا گلاس دے مارا۔ گزشتہ روز باکسر عامر خان اور ان کے حریف باکسر فل لو گریکو کے درمیان ایک پریس کانفرنس کے دوران اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب گریکو نے سب کے سامنے نہ صرف عامر خان کی نجی زندگی کے بارے میں بولنا شروع کردیا بلکہ ان کی بیوی فریال مخدوم اور اینتھنی جوشوا کے تعلقات کے بارے میں بھی نازیباکلمات کہنے شروع کردئیے۔ پہلے تو عامر خان گریکو کی بات پر مسکراتے رہے تاہم جب معاملہ ان کی برداشت سے باہر ہوگیا تو انہوں نے ٹیبل پر رکھا ہوا پانی کا گلاس گریکو کے منہ پر دے مارا اور اس کے بعد ان پر مکے برسانے کی کوشش کی تاہم تقریب میں موجود دیگرافراد نے بیچ بچاؤ کرایا۔ باکسر عامر خان تقریباً 2 سال بعد ایک بار پھر رنگ میں اتر رہے ہیں اور ان کی پہلی فائٹ 33 سالہ کینیڈین باکسر فل لو گریکو کے ساتھ 21 اپریل کو ہوگی۔ دونوں اسی حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں شریک تھے جب گریکو نے عامر خان کی نجی زندگی کو نشانہ بنانا شروع کردیاجسے سن کر عامر خان سخت اشتعال میں آگئے اور سامنے رکھا پانی کا گلاس گریکو کے منہ پر دے مارا جس کے جواب میں گریکو نے عامر خان پر حملہ کردیا۔ تاہم موقعے پر موجود دیگر افراد اور پروموٹرز نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا اس طرح یہ لڑائی مزید بڑھنے سے پہلے رک گئی۔ دونوں کے درمیان لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم اپنی گھریلو زندگی اور تنازعات کے باعث ساراسال خبروں کی زینت بنے رہے تھے۔ فریال مخدوم نے عامر خان کے گھروالوں پر الزام لگایا تھا کہ ان کے سسرالیوں اک رویہ ان کے ساتھ ٹھیک نہیں ہے بعد ازاں عامر خان نے فریال کو طلاق دینے کا فیصلہ کیا تھا جسے واپس لیتے ہوئے انہوں نے سب کچھ ٹھیک ہونے کا اعلان کیا۔