خبرنامہ

عجمان آل اسٹارز لیگ؛ سلمان بٹ کی شرکت کئی سوال چھوڑ گئی

عجمان آل اسٹارز لیگ؛ سلمان بٹ کی شرکت کئی سوال چھوڑ گئی

لاہور:(ملت آن لائن) فکسنگ الزامات کی زد میں آنے والی عجمان آل اسٹارز لیگ میں سلمان بٹ کی شرکت کئی سوال چھوڑ گئی۔عجمان آل اسٹارز لیگ میں کئی کرکٹرز کے مضحکہ خیز رن آؤٹ اور سٹمپ کی ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد آئی سی سی کے کان کھڑے ہوئے اور تحقیقات شروع ہوچکیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس ایونٹ میں اسپاٹ فکسنگ سکینڈل 2010کے مرکزی کردار سلمان بٹ شریک تھے، حسن رضا اور محمد خلیل سمیت کئی دیگر پاکستانی کرکٹرز کے نام بھی لیے جا رہے ہیں۔ مشکوک ویڈیوز میں توپاکستان کا کوئی کرکٹر نظر نہیں آرہا لیکن وینیو کو ہی اماراتی کرکٹ بورڈ نے معطل کردیا، شکوک کا دائرہ پھیل جانے پر سلمان بٹ اور دیگر کی ساکھ ایک بار پھر خطرے میں ہے۔
اس حوالے سے بھارتی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد میں بہت زیادہ محتاط رہتا ہوں،قومی ون ڈے کپ کیلیے مجھے لاہور ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تو عجمان چلا گیا، وہاں دیکھا کہ لیگ میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کا کوئی نمائندہ نہیں تھا، میچ ریفری اور اسکورر تک نہیں نظر آیا، میں نے وہاں صرف 2میچز کھیلے، ایک میں پہلی گیند پر آؤٹ ہوگیا، دوسرے میں 70کے قریب رنز بنائے، اسکورر نہ ہونے کی وجہ سے اندازہ ہے کہ اتنے رنز بنائے تھے جب کہ ایونٹ میں گلی محلے کی کرکٹ کا معیار دیکھتے ہوئے دبئی روانہ ہوگیا۔
سلمان بٹ نے واضح کیا کہ جس میچ کی فوٹیج منظر عام پر آئی اس میں وہ شریک نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ عجمان پہنچ کر منتظمین سے کہا تھا کہ مجھے پی سی بی اور اپنے محکمے سے این اوسی درکار ہے لیکن انھوں نے جواب دیا کہ یہ ایک نجی ٹورنامنٹ ہے، اس کیلیے اجازت کی ضرورت نہیں، میں نے اندازہ کیا کہ یہ ایک گھٹیا سطح کا ایونٹ ہے جب کہ آئی سی سی کی تحقیقات بڑی خوش آئند ہیں۔