خبرنامہ

عجمان لیگ؛ حسن رضا نے مشکوک سرگرمیوں کی تصدیق کردی

عجمان لیگ؛

عجمان لیگ؛ حسن رضا نے مشکوک سرگرمیوں کی تصدیق کردی

لاہور:(ملت آن لائن) سابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا نے عجمان لیگ میں مشکوک سرگرمیوں کی تصدیق کر دی۔ آئی سی سی اور امارات کرکٹ بورڈ کی اجازت کے بغیر عجمان میں منعقدہ آل اسٹارز لیگ کے کرپشن سے آلودہ ہونے کے مزید شواہد سامنے آئے ہیں،دانستہ رن آؤٹ کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ماضی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق کرکٹر حسن رضا کے انٹرویو سے بھی مشکوک سرگرمیوں کی تصدیق ہوگئی۔ ایک خلیجی اخبار سے بات چیت میں حسن رضا نے کہا کہ میں ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں شریک ہوا، مجھے بتایا گیا تھا کہ یہ ایک دوستانہ مقابلہ ہے، مگر مجھے دوسرے میچ میں جاری مشکوک سرگرمیوں پر دھچکا لگا، کئی کیچز ڈراپ ہوئے تو اندازہ ہوا کہ کچھ غلط ہورہا ہے۔
حسن رضا نے کہا کہ میرے ساتھ تو کسی نے رابطہ نہیں کیا تاہم نوجوان کرکٹرز نے بتایا کہ چند عناصر نے ان کو دانستہ وکٹ گنوانے اور کیچ چھوڑنے کا کہا، میں نہیں جانتا کہ انھیں رقم کی پیشکش بھی ہوئی تھی یا نہیں،بہرحال میں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ کسی کی بات پر کان نہ دھریں اور اپنے نیچرل کھیل کا مظاہرہ کریں۔ یاد رہے کہ حسن رضا ان دنوں یواے ای میں ہی مقیم ہیں،اطلاعات کے مطابق ایونٹ میں سلمان بٹ اور حسن رضا سمیت 4ایسے کرکٹرز شامل تھے جو ماضی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ نجی لیگ ہونے کی وجہ سے آئی سی سی اس کیس میں مداخلت نہیں کرے گی، البتہ متعلقہ بورڈز کو اپنے پلیئرز کی چھان بین کا کہا گیا ہے تاہم یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ پی سی بی اس ضمن میں کیا قدم اٹھاتا ہے۔