خبرنامہ

علیم ڈار پانچویں ورلڈ کپ میں امپائرنگ کے خواہاں

علیم ڈار پانچویں ورلڈ کپ میں امپائرنگ کے خواہاں

لاہور:(ملت آن لائن) پاکستانی امپائر علیم ڈار پانچویں ورلڈ کپ میں امپائرنگ کے خواہاں ہیں۔ لاہور میں اپنی اکیڈمی کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل امپائر علیم ڈار نے کہاکہ انٹرنیشنل میچز سپروائز کرتے ہوئے 17 سال ہو گئے، سب سے زیادہ مقابلوں میں فرائض سرانجام دینے کا اعزاز پانا میرے اور پاکستان دونوں کیلیے بڑا اعزاز ہے، امپائرنگ کی ذمہ داریاں ہمیشہ انتہائی ایمانداری کے ساتھ نبھائیں، پانچ ورلڈ کپ ایونٹس میں امپائرنگ کا اعزاز پانے کا بھی خواہش مند ہوں، انگلینڈ میں شیڈول اگلے میگا ایونٹ میں ذمہ داریاں ادا کرنے سے میرا یہ خواب پورا ہو جائے گا۔

ایک سوال پر علیم ڈار نے کہا کہ کیریئر کو طول دینے میں کوئی امر مانع نہیں، آئی سی سی قوانین کے مطابق مزید 10 سال تک امپائرنگ کر سکتا ہوں۔ علیم ڈار نے کہا کہ 7سال پہلے کرکٹ اکیڈمی قائم کی جو کامیاب رہی، یہاں نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع دینا میرے لیے اطمینان اور خوشی کا باعث ہے، اکیڈمی میں قوت سماعت اور گویائی سے محروم کھلاڑیوں کی تربیت کے بڑے مثبت نتائج حاصل ہوئے، اس وقت بھی قومی ڈیف ٹیم میں یہاں ٹریننگ پانے والے4پلیئرز موجود ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے علیم ڈار کو مشورہ دیا کہ وہ ورلڈکپ 2019کے بعد بھی امپائرنگ جاری رکھیں۔