خبرنامہ

علی زریاب اور شاہین آفریدی نے روشن مستقبل کی نوید سنا دی

علی زریاب اور شاہین آفریدی نے روشن مستقبل کی نوید سنا دی

شلاہور:(ًلت آن لائن) انڈر19 ورلڈکپ میں علی زریاب اور شاہین آفریدی نے روشن مستقبل کی نوید سنا دی۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں بیٹنگ پاکستانی کرکٹرز کیلیے کڑا امتحان ثابت ہوتی ہے،اس کا اندازہ سینئر ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے لگایا جا سکتا ہے، کیویز کے دیس میں اوپنرز اور مڈل آرڈر بیٹسمین ناکامیوں کا شکار ہیں۔

دوسری جانب جونیئرورلڈکپ میں انڈر19کرکٹرز کی بیٹنگ میں کارکردگی قابل رشک نہیں، البتہ ٹیم میں مشکل حالات کا چیلنج قبول کرنے والے کھلاڑی موجود ہیں۔ ان کی وجہ سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز جیتنے والے گرین شرٹس میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب ہوگئے۔

پاکستان کے ٹاپ اسکوررعلی زریاب آصف نے 81کی اوسط سے 163رنز بنائے ہیں،کوارٹرفائنل تک رسائی کیلیے درکار لازمی فتح کے سفر میں پاکستان نے 3وکٹیں 57رنز پر گنوا دیے تھے، نوجوان بیٹسمین نے 59کی اننگز کھیل کر 189کا ہدف ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلیے جنوبی افریقہ کیخلاف معرکے میں 38پر 2وکٹیں گرنے کے بعد میدان میں آنے والے علی زریاب نے دوسرے اینڈ پر گرنے والی وکٹوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 74رنز کیساتھ فتح کا مشن مکمل کیا۔

ادھر شاہین آفریدی کو پاکستانی لیفٹ آرم پیسرز کی فہرست میں ایک اچھا اضافہ سمجھا جارہا ہے،انھوں نے صرف 10.27کی اوسط سے 11وکٹوں کے ساتھ بولرز کی فہرست میں ٹاپ پر جگہ بنارکھی ہے،اس میں آئرلینڈ کیخلاف میچ میں 15رنز کے عوض 6وکٹیں بھی شامل ہیں،جنوبی افریقہ کی ٹاپ آرڈر کو شاہین آفریدی نے ہی پریشان کیا جس کا دیگر بولرز نے بھی فائدہ اٹھایا۔

ای این بشپ سمیت مبصرین علی زریاب کی ثابت قدمی اور پختہ کاری کی داد دیتے ہوئے ان کا مستقبل روشن قرار دیتے رہے،انھوں نے شاہین آفریدی کی بولنگ کو بھی دل کھول کر سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ہی لیفٹ آرم پیسرز کے حوالے سے خود کفیل رہا ہے تاہم محسوس ہورہا ہے کہ ایک مزید اسٹار ابھرنے والا ہے۔