خبرنامہ

عماد کا جادو سر چڑھ کر بولا، 9 وکٹیں لے اڑے

ابوظبی:(ملت+اے پی پی)ویسٹ انڈیز سے ٹوئنٹی20 سیریز میں لیفٹ آرم پاکستانی اسپنر عماد وسیم کا جادو سر چڑھ کر بولا، وہ تین میچز میں9 وکٹیں لے اڑے، البتہ پیسر وہاب ریاض بدترین ناکامی کا شکار ہوئے۔ بیٹنگ میں بابر اعظم نے 101 کی اوسط سے اتنے ہی رنز بنائے، شرجیل خان واحد ناکام بیٹسمین ثابت ہوئے، انھوں نے 11.66 کی معمولی اوسط سے صرف 35 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق کیریبیئن ٹیم کے خلاف بابر اعظم سب سے کامیاب بیٹسمین ثابت ہوئے، انھوں نے 101 کی اوسط سے اتنے ہی رنز بنائے،خالد لطیف 95 رنزاسکور کرنے میں کامیاب رہے، ان کی اوسط 47.50 رہی، شعیب ملک نے 80 کی اوسط سے اتنے ہی رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد نے واحد اننگز میں46 رنز اسکور کیے، سیریز کے واحد ناکام بیٹسمین شرجیل خان رہے، وہ 3 اننگز میں11.66 کی اوسط سے صرف 35 رنز بنا سکے۔ سیریز کی واحد نصف سنچری کا اعزاز بابر اعظم کے حصے میں آیا۔ دوسری جانب بولرز میں عماد وسیم نے 3 میچز میں سب سے زیادہ 9 وکٹیں حاصل کیں، فی وکٹ اوسط محض5.88 رہی، سہیل تنویر نے 12.20 کی ایوریج سے5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، حسن علی نے2 میچز میں 4 پلیئرز کو آؤٹ کیا، محمد نواز کو تین میچز میں اتنی ہی وکٹیں ملیں، وہاب ریاض توقعات پر پورا نہ اتر سکے اور2 میچز میں 62 کی اوسط سے صرف ایک ہی وکٹ حاصل کی۔