خبرنامہ

فخر اور حسن نیوزی لینڈ کیخلاف سرپرائز پرفارمنس دیں گے ،سرفراز

فخر اور حسن نیوزی لینڈ کیخلاف سرپرائز پرفارمنس دیں گے ،سرفراز

ویلنگٹن:(ملت آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ فخر الزمان اور حسن علی نیوزی لینڈ کیخلاف سرپرائز پرفارمنس دیں گے۔

نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم آسان حریف ثابت نہیں ہوگی، ٹیم کے نئے کھلاڑی نیوزی لینڈ کی سرزمین پر پہلی دفعہ کھیلیں گے، گرین شرٹس چیمپئنز ٹرافی کی پوزیشن کو ٹور میں برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے اور اچھی کارکردگی دکھانے کےلئے پر عزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی بیٹسمینوں کو پھنسانے کیلیے باؤنسرز کا جال تیار

سرفراز احمد نے اپنی حکمت عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کیوی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے، اس نے ویسٹ انڈیز کیخلاف اچھی بیٹنگ اور باولنگ کا مظاہرہ کیا ، تاہم پاکستان کا باؤلنگ اٹیک بہت مضبوط ہے، اور فخر الزمان اور حسن علی نیوزی لینڈ کیخلاف سرپرائز پرفارمنس دیں گے جبکہ محمد عامر، حسن علی اور رومان رئیس سے کافی اُمیدیں وابستہ ہیں، جب کہ ہمارے فاسٹ باؤلرز نیوزی لینڈ کے موسمی حالات کو استعمال کریں گے۔

قومی کپتان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد قوم نے بہت پیار دیا، چیمپئنز ٹرافی جیتنے سے ٹیم کو نیا جذبہ ملا اور 2019 کے ورلڈکپ میں ایک بہترین ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ علاوہ ازیں ویلنگٹن میں بارش کی وجہ سے قومی کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن متاثر ہوا اور ون ڈے انٹرنیشنل سے ایک دن پہلے ٹیم ان ڈور نیٹ پریکٹس کر سکی۔ کل میچ کے دوران 120 کلو میٹر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 5ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق 3بجے شروع ہوگا۔