فخر زمان فٹ، گرین شرٹس کی جان میں جان آگئی
ڈونیڈن:(ملت آن لائن)ان فارم فخر زمان کے فٹ ہونے سے گرین شرٹس کی جان میں جان آگئی جب کہ ان کی تیسرے ون ڈے میں شرکت کا امکان روشن ہوگیا۔ ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے فخرزمان کی دائیں ٹانگ زمین کے ساتھ ٹکرائی جس سے ران پر چوٹ لگ گئی، انھوں نے اس وقت کوئی خاص پریشانی محسوس نہیں کی اور بیٹنگ کیلیے بھی آئے، میچ میں پاکستانی بیٹنگ بُری طرح فلاپ ہوئی لیکن اوپنر نے ناٹ آؤٹ 82 رنز بنائے، بعد ازاں رات کو مسئلہ بڑھ گیا اور وہ نیلسن میں دوسرا میچ نہیں کھیل پائے، ان کی جگہ لینے والے امام الحق ناکام ہوئے۔
واضح رہے کہ اس نوعیت کی انجری میں بظاہر تو کوئی زخم نہیں ہوتا لیکن ٹشوز یا پٹھے تھوڑے بہت متاثر ہوجاتے ہیں، شان ہیز کے بعد پاکستان ٹیم کیلیے باقاعدہ کسی فزیوتھراپسٹ کا تقرر نہیں کیا جا سکا اس لیے مقامی فزیوویب سنگھ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، انھوں نے کہا کہ انجری سنگین نوعیت کی نہیں، گذشتہ روز پاکستانی کرکٹرز نے ڈونیڈن میں تیسرے میچ کیلیے تیاریوں کا آغاز کیا تو اوپنر بھی شریک تھے، انھوں نے ٹریننگ کے دوران کوئی تکلیف محسوس نہیں کی۔
ویب سنگھ نے کہا کہ فخر زمان پہلے سے بہت بہتر محسوس کررہے ہیں،امید ہے کہ میچ سے قبل مکمل فٹ ہوجائیں گے، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کہا کہ اوپنر ایک ’’نیوی مین‘‘ ہیں، پوری امید ہے کہ ٹیم میں واپس آکر پرفارم بھی کریں گے، ابھی تک تو کافی بہتر نظر آرہے ہیں،میچ میں بھی ایک دن باقی اورامید ہے کہ وہ مکمل فٹ ہوجائیں گے، انھوں نے کہا کہ چوٹ لگنے پر نوعیت کا اندازہ نہیں تھا لیکن معلوم ہوا تو آرام دینا ضروری خیال کیا گیا۔