خبرنامہ

فکسنگ کیس نے سلمان بٹ کی راہ میں کانٹے بچھا دیے

لاہور(آئی این پی) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے سلمان بٹ کی راہ میں کانٹے بچھا دیے، محمد عامر کی واپسی کو سخت تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد پی سی بی کیلیے سابق کپتان کو منتخب کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل ہوگیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنرز کی مسلسل ناکامیوں کے بعد سلمان بٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے راہ ہموار ہوتی نظر آرہی تھی، چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بھی رواں سال کے آغاز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گرین سگنل دیا۔ دوسری جانب انضمام الحق کی زیرسربراہی کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے بھی ان کے نام پر غور کیا، البتہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت مینجمنٹ میں شامل کچھ افراد ان کے حوالے سے تذبذب کا شکار تھے۔ ذرائع کے مطابق ایک سلیکٹر نے بھی گزشتہ ماہ سلمان بٹ کو بتایا تھا کہ چند رکاوٹیں دور ہونے کے بعد ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوسکتی ہے، البتہ اب اوپنر کو آگاہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد اب ان کو منتخب کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔