زیورخ: فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے صدر جیانی انفینٹینو نے ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹس میں ٹیموں کی تعداد 48 تک بڑھانے کی تجویز دی ہے، 16 ٹیمیں ابتدائی راؤنڈ سے باہر ہو جائیں گی اور بقیہ 32 ٹیمیں گروپ میچز میں شرکت کریں گی۔ یاد رہے کہ انفینٹینو نے فیفا صدارتی انتخاب کے سلسلے میں اپنی مہم کے دوران بھی ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں ٹیموں کی تعداد 40 تک بڑھانے کا وعدہ کیا تھا۔ اس بابت تنظیم کی مجلس عاملہ کے جنوری اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ 46 سالہ ورلڈ گورننگ باڈی کے صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ان تمام تجاویز کا بہترین حل چاہتے ہیں، رواں ماہ اس پر غور خوض کیا جائے گا اور 2017 تک ساری چیزیں طے پا جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال صرف مقابلہ نہیں بلکہ ایک سماجی تقریب ہے ہم نے اپنے خیالات پیش کر دیے اب دیکھتے ہیں کہ ان میں سے کون بہترین ہے۔ ان کی تجاویز میں میزبان ملک میں ابتدائی ناک آؤٹ میں 32 ٹیمیں شرکت کریں گی اور فاتح ٹیم کو گروپ میں شامل کیا جائے گا جبکہ 16 دیگر بہترین ٹیموں کو گروپ میں براہ راست جگہ مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح عام ورلڈ کپ کی طرح 32 ٹیمیں ہی رہیں گی لیکن اس جشن میں مجموعی طور پر 48 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیفا دنیا بھر میں فٹ بال کو فروغ دینا چاہتا ہے اور ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ٹیموں کی تعداد بڑھانا بھی اسی کی کڑی ہے۔ واضح رہے کہ انفینٹینو نے رواں برس فروری میں فیفا کی صدارتی سنبھالی تھی۔