اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن)قومی ہیڈ کوچ محمد اصغر علی گل نے کہا ہے کہ قومی ایتھلیٹس ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے کیلئے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ ملت آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے زیراہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جناح سٹیڈیم میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے 20 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 18 مرد اور دو خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔ مرد کھلاڑیوں میں گوہر شہباز، لیاقت علی، تنویر عباس، عزیر رحمن، عبید علی، محمد شہباز، نوکر حسین، ندیم بشیر، مظہر علی، عمر سعادت، اسد اقبال، اسد الرحمن، محبوب علی، محمد اکرام، رمیض جاوید، محمد ندیم، صدام علی اور ارشد ندیم شامل ہیں جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں رابعہ عاشق، ماریہ مراتب شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے ہمراہ کوالیفائیڈ کوچز فیاض بخاری اور ناصر خان مرد کھلاڑیوں جبکہ خواتین کھلاڑیوں کو سمی رضوی اور بشری پروین جدید اور اعلی تربیت دے رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے اصغر گل نے کہا کہ کھلاڑی تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رہے ہیں ، انہوں نے نے کہا کہ ایشین گیمز میں اتھلیٹکس کے ایونٹ جیولین تھرو، 400 میٹر رکاوٹی دوڑ اور 4002354 میٹر ریلے میں میڈلز کی بڑی توقع ہے کیونکہ ہمارے ہی ان کھلاڑیوں نے ساؤتھ ایشین گیمز، اسلامک گیمز اور ساؤتھ ایشین چیمپیئن شپ میں میڈلز حاصل کئے، اس کے علاوہ کامن ویلتھ گیمز میں ارشد ندیم نے جیولین میں ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو تین بار پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں کی تعدادکو شارٹ لسٹ کرنے کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کم از کم ان بارہ کھلاڑیوں کو ایشین گیمز میں شرکت کے لئے جکارتہ ضرور بھیجا جائے، مردوں میں لیاقت علی، گوہر شہباز، عزیر علی، محمد شہباز، نوکر حسین، ندیم بشیر، مظہر علی، عمر سعادت، محبوب علی، ارشد ندیم جبکہ خواتین میں ماریہ مراتب اور رابعہ عاشق شامل ہیں 400 رکاوٹی دوڑ میں محبوب، جیولین تھرو میں راشد ندیم، 4235400 میٹر ریلے میں نوکر حسین، ندیم بشیر، مظہر علی اور عمر سعادت کو میڈل حاصل کرنے کی توقع ہے۔ اس علاوہ 400 میٹر میں نوکر حسین اور 100 میٹر کی لیاقت علی اور گوہر شہباز دوڑ میں ایک نیا ریکارڈ حاصل کرکے شاندارکارگردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کو رمضان المبارک کی وجہ سے کم وقت ملا ہے پھر بھی امید ہے کہ کھلاڑی اچھا پر فارم کریں گے۔