خبرنامہ

قومی ون ڈے کپ، احمد شہزاد نے ایچ بی ایل کو چیمپئن بنوادیا

کراچی: (ملت+اے پی پی) قومی ڈپارٹمنٹل ون ڈے کپ فائنل میں احمد شہزاد نے ایچ بی ایل کو چیمپئن بنوا دیا، ان کے 68 رنز شعیب ملک کی 93 رنز کی اننگز پر بھاری پڑگئے،سوئی سدرن گیس کو 5 وکٹ سے شکست ہوئی، فاتح ٹیم نے 233 رنز کا ہدف 5 وکٹ پر 14 بالز قبل ہی حاصل کرلیا، کپتان نے مین آف دی میچ اور بہترین بیٹسمین کے اعزازات سے بھی جھولی بھرلی۔ 233 رنز کے تعاقب میں ایچ بی ایل کے اوپنر فخر زمان کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے پر کپتان احمد شہزاد نے امام الحق کو جوائن کیا، دونوں کے درمیان 105 رنز کی شراکت نے مجموعے کو 143 تک پہنچایا، احمد شہزاد کو لیفٹ آرم اسپنر محمد عرفان نے قابو کیا، انھوں نے آصف ذاکر کا کیچ بننے سے پہلے 51 بالز پر 68 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔ امام 85 بالز پر 6 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بناکر عرفان کی دوسری وکٹ بنے،کیچ حریف کپتان فواد عالم نے تھاما، شاہد آفریدی 8 رنز بناکر ظفرگوہر کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے، آخر میں فہیم اشرف نے ناٹ آؤٹ 34 اور ذوہیب خان نے 29 رنز بناکر ٹیم کو 47.4 اوورز میں پانچ وکٹ پر ہدف عبور کرادیا، عرفان نے 3 اور ظفر گوہر نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے سوئی سدرن نے7 وکٹ پر 232 رنز بنائے، شعیب ملک نے سب سے زیادہ 92 بالز پر 93 رنز اسکور کیے۔ آصف ذاکر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عثمان خان اور ذوہیب خان نے 2، 2 وکٹیں لیں، آفریدی کو ایک وکٹ ملی۔ فاتح سائیڈ کو ٹرافی کے ساتھ 10 لاکھ کا انعامی چیک دیا گیا جبکہ رنر اپ کے حصے میں 5 لاکھ آئے۔ فاتح کپتان احمد شہزاد مین آف دی میچ کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین بھی قرار پائے، انھوں نے مجموعی طور پر 653 رنز اسکور کیے۔ 19 وکٹیں لینے والے ایچ بی ایل کے فہیم اشرف کو بہترین بولر قرار دیا گیا جبکہ این بی پی کے کامران غلام بہترین آل راؤنڈر بنے، انھوں نے 196 رنز اسکور کرنے کے ساتھ16 وکٹیں لیں۔ چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے انعامات تقسیم کیے۔