لاہور:(اے پی پی) قومی ٹوئنٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں عمراکمل راولپنڈی کے بولرز پر برس پڑے، سینئر بیٹسمین نے صرف 48گیندوں پر 115رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انھوں نے یاسرعرفات کے اوور میں 5 چھکوں سمیت 34رنز بٹورے،لاہور وائٹس کے 175 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے ناکام ٹیم 156تک محدود رہی۔ قومی ٹوئنٹی 20ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کا ملتان میں آغاز ہوگیا، پہلے ہی میچ میں لاہور وائٹس کے عمراکمل نے جارحانہ بیٹنگ سے شائقین کو بھرپورتفریح فراہم کی،کامران اکمل کے22پر آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آنے والے نوجوان بیٹسمین کا سلمان بٹ بھی 22رنز بناکر ساتھ چھوڑ گئے،اس کی پروا نہ کرتے ہوئے عمراکمل 9چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے صرف 48گیندوں پر 115رنز کی اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے،انھوں نے 19ویں اوور میں یاسر عرفات کو مسلسل4چھکے اور ایک چوکا لگانے کے بعد آخری گیند بھی فضائی روٹ سے باؤنڈری کے باہر بھیج دی،اعزاز چیمہ کو 15رنز جڑتے ہوئے آخری 2اوورز میں عمر نے 49رنز بٹورے،سکندر رضا 13پر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور وائٹس نے 175کا مجموعہ حاصل کیا، یاسر عرفات نے 59اور اعزاز چیمہ نے 41رنز دیے۔ جواب میں راولپنڈی نے 5وکٹیں صرف48 رنز پر گنوادیں،اویس ضیا8،مختار احمد2، زاہد منصور0،شاداب خان 1اور آصف علی16 رنز بناکر میدان بدر ہوئے،عمر امین 33رنز نے اننگز کو سنبھالا دیا، حماد اعظم52رنز ناٹ آؤٹ بناکربھی اپنی ٹیم کا ٹوٹل 7وکٹ پر 156سے آگے نہ بڑھا سکے، جمال انور نے ایک رن بنایا، یاسر عرفات 24پر ناٹ آؤٹ رہے،کاشف بھٹی3اور ضیا الحق 2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔