اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے نائب صدر راشد ملک نے کہا ہے کہ قومی ٹیم عالمی اور کامن ویلتھ یوتھ ، جونیئر ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے راشد ملک نے بتایا کہ عالمی اور کامن ویلتھ یوتھ ،جونیئر ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 20 سے 30 اکتوبر سے ملائشیاء میں کھیلی جائے گی جس میں دنیا بھر سے ویٹ لفٹرز شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ عالمی چیمپئن شپ 20 سے 25 اکتوبر تک جبکہ کامن ویلتھ یوتھ اینڈ جونیئر چیمپئن شپ 26 سے 30 اکتوبر تک کھیلی جائے گی، چیمپئن شپ میں 5 رکنی قومی ٹیم شرکت کرے گی جن میں طلحہ طالب 62 کلوگرام جس نے سمویا یوتھ گیمز 2015 ء میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا، قومی چیمپئن فرحان امجد 77 کلوگرام میں اور محمد ثاقب سعید 85 کلوگرام جس نے کامن ویتھ گیمز 2015 ء میں سونے کا تمغہ حاصل کیا ، عبدالرحمن بٹ 85 کلوگرام نے ایشین یوتھ اور کامن ویلتھ جونیئر اینڈ یوتھ 2015ء سونے کے تمغے حاصل کئے اورمحمد نوح دستگیر بٹ پلس 105 کلوگرام جس نے بھی کئی انٹرنیشنل سطح پر گولڈ میڈلز حاصل کئے ہیں،سکواڈ میں شامل ہیں ٹیم کے ہمراہ عرفان بٹ منیجر وقومی ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں بھر پور محنت کی ہے،انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ہرسال گراس روٹ کی سطح پر مقابلوں کا انعقاد کرتی ہے اور جس سے نئے چہرے سامنے آتے ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ویٹ لیفٹنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس امرء کی ہے کہ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کی سہولیات نہیں مل رہی ہیں۔