خبرنامہ

قومی ٹیم نئی بال سے کمال نہ دکھا پانے پر فکر مند

قومی ٹیم نئی بال سے کمال نہ دکھا پانے پر فکر مند

نیلسن:(ملت آن لائن) پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ میں نئی بال سے کوئی کمال نہ دکھاپانے پر فکرمند ہے۔ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ ویلنگٹن میں ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کیساتھ میچ کا فیصلہ ہونا مایوس کن تھا لیکن بارش یا موسم کو کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوتا، پہلے میچ میں گرین شرٹس کیویز کی اننگز کے آغاز میں نئی گیند سے وکٹیں نہیں لے سکے جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور کا موقع ملا۔

اظہر محمود نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سمیت گزشتہ 9میچز میں پاکستان نے حریف ٹیموں کی ٹاپ آرڈر کا صفایا کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگائی،اسی وجہ سے کسی ایک ٹیم کو بھی 240سے زیادہ ٹوٹل حاصل کرنے کا وقت نہیں مل سکا۔ ویلنگٹن میں پہلی بار کسی حریف نے بڑا اسکور بنایا،اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہاں درجہ حرارت 20سے بھی کم اور ہوا تیز تھی،محمد عامر کے سوا کسی کو ان کنڈیشنز میں بولنگ کا تجربہ نہیں تھا،ناتجربہ کاری کے باوجود نوجوان بولرز نے اچھی کوشش کی۔

بولنگ کوچ نے کہا کہ میزبان کپتان کین ولیمسن کا کیچ ڈراپ ہونے کے بعد ہینری نکولز نے بھی صورتحال کے مطابق اچھی اننگزکھیلی،حریف کپتان کو 26پر میدان بدر کردیتے تو ہدف 280سے کم ہوتا،ہماری بیٹنگ طویل اور کھلاڑیوں میں اتنی مہارت، جرأت اور جذبہ ہے کہ وہ آسانی سے ہتھیار نہیں ڈالتے، ویلنگٹن میں بھی ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باوجود نوجوان بیٹسمیں اچھے رن ریٹ کیساتھ ہدف کے تعاقب میں تھے۔ فخرزمان کی کریز پر موجودگی تقویت کا باعث تھی جب کہ مزید 10اوورز تک ایک اچھی شراکت جاری رہنے سے مقابلہ خاصا دلچسپ ہوجاتا لیکن بارش کی وجہ سے کھیل ہی جاری نہیں رہ سکا۔

اظہر محمود نے مزیدکہا کہ کیویز کو ہوم گراؤنڈز کا فائدہ حاصل ہے لیکن ان پرقابو پانے کیلیے ہمارے پاس صلاحیت اور مہارت کی کمی نہیں، بدقسمتی سے مشکل کنڈیشنز میں پہلا میچ جیت نہیں سکے لیکن اگلے میچز میں بہتر پلاننگ اور نئے عزم کیساتھ ڈٹ کر مقابلہ کرینگے، انہوں نے کہا کہ مارٹن گپٹل تیکنیکی طور پر مضبوط اور مکمل بیٹسمین ہیں لیکن کولن منرو خطرات مول لے کر اسٹروکس کھیلتے ہیں۔ جارح مزاج اوپنر پر قابوپاتے ہوئے ابتدا میں کیویز کو نقصان پہنچانے کے بعد اننگز میں تسلسل کیساتھ وکٹیں حاصل کرنے کی روایت برقرار رکھنا ہوگی تاہم امید ہے کہ دھوپ کی موجودگی میں ویلنگٹن جیسے مسائل نہیں ہونگے۔

ایک سوال کے جواب میں اظہر محمود نے کہاکہ ٹم سائوتھی تجربہ کار بولر ہیں، ہوم کنڈیشنز میں ان کی سوئنگ اور سیم پریشان کرتی ہے لیکن ٹاپ آرڈر سمیت ہماری بیٹنگ لائن کیلیے ان کو خوف کی علامت قرار دینا درست نہیں ہوگا، صرف ٹم سائوتھی ہی نہیں، تمام کیوی پیسرز کا سامنا ایک چیلنج ضرور ہے لیکن بیٹسمین پر اعتماد اور بہتر کارکردگی کیلیے پر عزم ہیں،امید ہے کہ پریکٹس میچ کی بیٹنگ فارم آئندہ مقابلوں میں بھی نظر آئے گی۔