خبرنامہ

قومی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی ناگزیر ہوچکی، راشد لطیف

کراچی:(ملت+اے پی پی) سابق ٹیسٹ کپتان وسابق چیف سلیکٹر راشد لطیف نے اپنے موقف میں تبدیلی لاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں قیادت کی تبدیلی کا وقت آگیا، سرفرازاحمد کوتینوں طرز کی کرکٹ میں کپتان کی ذمے داری سونپ دی جائے۔ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہاکہ پہلے میرا خیال تھاکہ مصباح الحق کوکپتان اوربیٹسمین کی حیثیت سے قومی اسکواڈ کے ساتھ جڑے رہنا چاہیے، مگر اب ایسا لگتا ہے کہ ان کو ذمے داریوں سے سبکدوشی اختیار کرلینی چاہیے، راشدلطیف نے مزیدکہا کہ مصباح الحق اپنے کیریئر کی اختتامی حدود کوچھورہے ہیں، آسٹریلیا کیخلاف بطور کپتان اوربیٹسمین سیریز ان کے لیے بہت بُری ثابت ہوئی،انھوں نے کہاکہ اب قومی قیادت میں تبدیلی ناگزیرہوگئی، سرفرازاحمد تینوں فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کیلیے سب سے زیادہ موزوں نظرآ رہے ہیں۔ ایک سوال پر راشدلطیف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی بولنگ نے مجھے بہت مایوس کیا، ہم ہمیشہ سے اپنی بیٹنگ لائن کے حوالے سے فکر مند رہے مگر جاری سیریز کے دوران ہماری ٹیم نے دو مرتبہ400 رنز بنائے، دوسری جانب ہمارے بولرز اپنے بیٹسمینوں کوسپورٹ کرنے میں بُری طرح ناکام نظر آئے، سڈنی ٹیسٹ نے پاکستانی بولنگ کی قلعی کھول دی،خاص طور پراسپنریاسر شاہ کے حوالے سے مایوسی رہی۔ ایک اور سوال پر سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ تیسرے ٹیسٹ میں ہمارے بیٹسمینوں کووکٹ پر جم کرکھیلنا ہوگا، پاکستان کو لمبی اننگزدرکار ہے، امید تو ہے کہ ٹیم اس ٹیسٹ میں شکست کا شکار نہیں ہوگی، اس طرح آسٹریلیا کے ہاتھوں مسلسل چوتھی سیریز میں وائٹ واش کا خطرہ ٹل سکتا ہے۔