قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں بیٹنگ کو ٹریک پر لانے کی کوشش
ہیملٹن:(ملت آن لائن) پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں بیٹنگ کو ٹریک پر لانے کی کوشش گزشتہ روز بھی جاری رہی۔
مسلسل 3 شکستوں کے بعد پاکستانی ٹیم کارکردگی میں بہتری کا ارادہ لیے ہیملٹن آئی ہے،ایک روز آرام کے بعد پیر کو پلیئرز نے بھررپور پریکٹس سیشن کیا، میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ڈے میچز کی سیریز کے چوتھے مقابلے کی تیاری کیلیے میدان کا رخ کرنے والے گرین شرٹس نے ابتدا میں بھر پور فزیکل ٹریننگ کی۔
رننگ اور جسمانی استعداد بڑھانے والی ورزشوں کے بعد کھلاڑیوں نے کرکٹ سرگرمیوں سے قبل فٹبال بھی کھیلی، بعد ازاں اسٹیو رکسن نے پلیئرز کو فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کرائی،چھوٹے بیٹ کے ساتھ گیندوں کو اچھال کر فیلڈرز کو پیچھے ہٹتے ہوئے اونچے کیچز تھامنے کا کہا گیا۔
رن آؤٹ کیلیے وکٹوں کو نشانہ کی مشق بھی جاری رہی، نیٹ میں بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے امام الحق کے ساتھ خصوصی سیشن کیا،انھوں نے ایک باسکٹ کی مدد سے نئی گیند تیزی سے پھینک کر اوپنر کے اسٹروکس چیک کیے، سیریز میں مسلسل ناکام بابر اعظم بھی روٹھی ہوئی فارم کو منانے کیلیے کوشاں نظر آئے جب کہ سرفراز احمد آگے نکل کر اسٹروکس کھیلنے کی مشق کرتے رہے۔
ادھر محمد نواز نے کپتان کو طویل اسپیل کرایا، مقامی اسپنرز اور پیسرز بھی گیندیں کرتے نظر آئے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر فخرزمان سمیت بیٹسمینوں کے اسٹروکس چیک کرتے ہوئے ہدایات دیتے رہے۔
دوسری جانب اظہر محمود نے نیٹ سیشن سے قبل محمد عامر کو خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کنڈیشنز کے بہتر استعمال کیلیے تیار کرنے کی ہدایت دی جب کہ حسن علی، فہیم اشرف اور آل راؤنڈر عامر یامین بھی نیٹ پر سرگرم رہے۔