خبرنامہ

قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ پر یو ٹرن لے لیا

سڈنی:(ملت+اے پٔی پی) قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے قائد مصباح الحق نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بیان پر یو ٹرن لے لیا۔ سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کے حوالے سے بیان میلبورن ٹیسٹ میں اننگز کی شکست کے بعد مایوسی کے عالم میں دیا لیکن اب وہ وقت گزر چکا، وہ 2016 تھا اور اب 2017 ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اسپورٹس مین کی حیثیت سے فائٹ بیک کرنا میرے لیے اہم ہے، ابھی ریٹائرمنٹ کے بارے میں بالکل نہیں سوچ رہا، تمام توجہ سڈنی ٹیسٹ کھیلنے پر مرکوز ہے۔ مصباح الحق ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان واپس پہنچ کر ریٹائرمنٹ سے متعلق کوئی فیصلہ کریں گے۔ 2001 میں اپنا کیریئر شروع کرنے والے مصباح نے کہا کہ سڈنی ٹیسٹ کیلئے حتمی سکواڈ کا اعلان پچ کی صورت حال دیکھنے کے بعد ہی کیا جائے گا پاکستان کو 1995 کے سڈنی ٹیسٹ کے بعد سے کوئی کامیابی نہیں ملی، موجودہ سیریز میں بھی آسٹریلیا کو 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔