قومی کرکٹ ٹیم نیلسن سے ویلنگٹن پہنچ گئی
لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم نیلسن سے ویلنگٹن پہنچ گئی۔ قومی کھلاڑیوں نے آج جم میں ایکسرسائز کی، ٹریننگ سیشن کل ہوگا جبکہ ہفتے کو میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ون ڈے کھیلیں گے۔ قومی کھلاڑیوں نے ویلنگٹن پہنچنے کے بعد آج جم میں مختلف ورزشیں کرتے ہوئے اپنی فٹنس کو بہتر بنایا جبکہ باقاعدہ ٹریننگ سیشن کل سے شروع ہوگا۔ ٹیم مینیجر طلعت علی کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوچکے ہیں، پریکٹس میچ میں اچھی کارکردگی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ون ڈے سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گا۔ 5 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 6 جنوری سے ویلنگٹن میں میچ سے ہوگا۔ 9 جنوری کو دوسرا ون ڈے نیلسن، 13 جنوری کو تیسرا ون ڈے ڈونیڈن، 16 جنوری کو چوتھا ون ڈے ہیملٹن جبکہ 19 جنوری کو پانچواں اور آخری ون ڈے ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو ویلنگٹن، دوسرا 25 جنوری کو آکلینڈ اور تیسرا 28 جنوری کو ماؤنٹ مانگینوئی میں کھیلا جائے گا۔