خبرنامہ

متنازع لیگ کھیلنے والے کرکٹرز کے گرد گھیرا تنگ

متنازع لیگ کھیلنے والے کرکٹرز کے گرد گھیرا تنگ

دبئی: (ملت آن لائن)عجمان میں متنازع لیگ کھیلنے والے کرکٹرز کے گرد گھیرا تنگ ہوگا جب کہ متعلقہ بورڈز پلیئرز کے خلاف اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کارروائی کریں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے عجمان میں حال ہی میں کھیلے گئے آل اسٹارز ٹوئنٹی 20 ایونٹ کے حوالے سے تحقیقات کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جنرل منیجر اینٹی کرپشن الیکس مارشل کا کہنا ہے کہ مذکورہ ایونٹ امارات کرکٹ بورڈ کی جانب سے منظور شدہ نہیں تھا، موجودہ اینٹی کرپشن قوانین کے تحت امارات بورڈ نہ ہی آئی سی سی کے پاس کوئی اختیار ہے کہ وہ کرپشن میں ملوث ہونے والے کسی شخص کے خلاف کارروائی کرے، انہوں نے کہا کہ بہرحال ہم نے بہت سے لوگوں سے بات چیت کی اور ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں کہ مذکورہ ٹورنامنٹ ایک کرپٹ ایونٹ تھا جس نے کرکٹ کی ساکھ کو داغدار کیا، اس لیے تحقیقات جاری رکھی جائیں گی، اب ہماری تفتیش کا مرکز اس ٹورنامنٹ کے منتظمین کی کھوج لگانا ہے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں، جس حد تک ہوسکتا ہے ہم کرپٹ سرگرمیوں کی روک تھام کریں گے۔
الیکس مارشل نے مزید کہا کہ ہم اپنی کارروائی بھی جاری رکھیں گے، اس کے ساتھ جن پلیئرز نے اس ایونٹ میں حصہ لیا ان کے متعلقہ بورڈز سے کہیں گے کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ انھوں نے ایک غیرمنظور شدہ ایونٹ میں حصہ لے کر اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی، جس میں واضح طور پر یہ بات درج ہے کہ کسی بھی قسم کی غیرمنظور شدہ کرکٹ میں حصہ نہیں لیا جائے گا، اگر ایسا ہوا تو پھر ان پلیئرز کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا جائے۔