خبرنامہ

محکمہ کھیل کا خیبرپختونخوا انڈر23گیمزکے فاتح کھلاڑیوں کو تعلیمی وظیفہ دینے کا فیصلہ

پشاور۔17اکتوبر(ملت + اے پی پی )محکمہ کھیل خیبرپختونخوا نے گزشتہ سال ہونے والی انڈر23گیمز کے میڈل ونرز کھلاڑیوں کیلئے تعلیمی وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں میٹرک سے ماسٹر تک کے اخراجات محکمہ کھیل برداشت کرے گا جبکہ رواں سال دوسری خیبرپختونخوا انڈر 23گیمز نومبر کے مہینے میں شروع ہونگی جس میں گیموں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ جس میں مردوں کی گیمز 15 کی بجائے 20اور خواتین کی 13 گیمز سے15گیمز کردی گئی ہیں ، مردوں کی اضافی گیموں میں تائیکوانڈو، سویمنگ ، سائیکلنگ ، رسہ کشی اور ہینڈ بال شامل ہے جبکہ خواتین کی 2 اضافی گیموں میں ووشو اور تائیکوانڈو کو شامل کرنے کافیصلہ کیا ہے ، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری محکمہ کھیل ، سیاحت و ثقافت عادل صافی نے گزشتہ روز قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس رشیدہ غزنوی ،ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود بھی موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید 200ملین روپے کی منظوری دیدی ہے جس سے صوبہ میں موجودہ گراؤنڈ ز کی تزہین و آرائش کی جائے گی ۔47 میں سے 40گراؤنڈز دسمبر میں ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کے حوالے کردیئے جائیں گے جبکہ 34 گراؤنڈز میں سے 16 گراؤنڈز محکمہ کھیل کے سپرد کئے جاچکے ہیں ۔ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز نومبر میں منعقد ہونگے۔گیمز میں ابتدائی طورپر خواتین کیلئے 13اور مردوں کیلئے 15 گیمز شامل ہیں جبکہ بعد میں انٹر ریجنل سطح پر ان گیمز میں مزید 5 گیمز مردوں کے اور دو گیمز خواتین کی شامل کئے جائینگے جس میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہزار ہوجائے گی ۔پچھلے سال کی طرح اس سال بھی ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ٹرافی اور لوگو کی نقاب کشائی کی جائے گی جس میں پرانے کھلاڑیوں اور سیاسی وانتظامی افسران کومدعو کیاجائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ ان گیمز کی تشہیرہوسکے ، ان گیمز پر لاگت کا تحمینہ 71.53 ملین آئے گا۔تاہم اس سال صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار تعمیر ہونے والے نئے سپورٹس گراؤنڈز میں ان گیمز کا انعقاد ہوگا تاکہ انکو استعمال میں لایا جا سکے ، اسکے ساتھ ساتھ اعلیٰ کوالٹی کا سامان بھی کھلاڑیوں کو دیاجائے گا جسکے لئے ٹینڈرز وغیرہ آئندہ چند روز میں جاری کردیاجائے گا اس سال عام سامان کے ساتھ ساتھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بیڈمنٹن میٹ، کراٹے میٹ اور باکسنگ رنگ بھی خریدے جائیں گے ۔ تاکہ کھلاڑی مستقل فائدہ اٹھاسکے سامان کی خریداری کے موقع پر ہرگیم کے انٹر نیشنل ایکسپرٹ کے ذریعے فائنل کیا جائے گا۔