خبرنامہ

مصباح کی محنت پرسعید اجمل نے پانی پھیردیا

(ملت آن لائن) مصباح الحق کی محنت پر سعید اجمل نے پانی پھیر دیا، قائد اعظم ٹرافی کیلیے رواں برس ہی کوالیفائی کرنے والی فیصل آباد کی ٹیم ایک بار پھر گریڈ ٹو میں تنزلی کے دہانے پر پہنچ گئی۔
سابق ٹیسٹ اسپنر بولنگ ایکشن میں تبدیلی کے بعد غیرموثر ثابت ہوئے اور 10اننگزمیں 16 ہی وکٹیں لے سکے، بطور کپتان ناتجربہ کاری بھی ٹیم کو بھاری پڑگئی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس مصباح الحق کی زیرقیادت فیصل آباد نے گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں فتح کی بدولت فرسٹ کلاس ایونٹ قائد اعظم ٹرافی میں جگہ بنائی تھی، مگر ان دنوں جاری ٹورنامنٹ میں ٹیم اپنے تمام 6 میچ ہار کر پوائنٹس ٹیبل پرآخری نمبر پر ہے، پشاورکیخلاف آخری میچ میں بونس پوائنٹ کے ساتھ جیت ہی اسے دوبارہ گریڈ ٹو میں جانے سے بچا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مایوس کن کارکردگی کی وجہ سعید اجمل ثابت ہوئے جو بولنگ ایکشن کی تبدیلی کے بعد اب بالکل بھی موثر نہیں رہے۔

انھیں کپتان بنانے کا فیصلہ بدترین غلطی ثابت ہوا اوراس شعبے میں ناتجربہ کاری کے سبب وہ کئی سنگین غلطیاں کر بیٹھے جس کا ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا۔ ایک قومی سلیکٹرنے ایونٹ سے قبل ہی فیصل آباد کے آفیشلز کو بتا دیا تھا کہ سعید اجمل مستقبل کے منصوبوں میں شامل نہیں۔ ان کی جگہ کسی نوجوان کو قیادت سونپیں مگر یہ مشورہ نہ مانا گیا، خراب فارم کے باوجود آف اسپنر نے تمام میچز میں حصہ لیا اور آرام سے گریز کرتے رہے، بطور بولر 10 اننگز میں انھوں نے 31.06 کی اوسط سے 16 وکٹیں حاصل کیں، واحد بار اننگز میں 5 وکٹوں کیلیے بھی انھیں108 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ماضی میں سعید اجمل نے مصباح الحق کی زیرقیادت قومی ٹیم کو کئی میچز جتوائے مگر اب ڈومیسٹک کرکٹ میں ان ہی کی محنت پر پانی پھیر دیا۔