نیشنل مینز باکسنگ چیمپئن شپ آرمی کے نام
لاہور:(ملت آن لائن) 36 ویں نیشنل مینز باکسنگ چیمپئن شپ آرمی نے جیت لی تاہم فاتح ٹیم نے 7 گولڈ اور 2 سلور میڈلز حاصل کیے۔ واپڈا اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ گزشتہ روز مینزایونٹ کی مختلف کیٹیگریزکے فائنلزمنعقد ہوئے، پاک آرمی نے7 گولڈ اور 2 سلورمیڈلزکے ساتھ میدان مار لیا، واپڈا 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز میڈلز کیساتھ دوسرے، پی اے ایف 2 سلور اور 5 برانز کیساتھ تیسرے، پاک نیوی 2 سلور اور ایک برانز کیساتھ چوتھے، ریلوے ایک سلور اور 2 برانز کیساتھ پانچویں جبکہ پنجاب کی ٹیم 4 برانز میڈلز کیساتھ چھٹے نمبر پر رہی، کے الیکٹرک، بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، فاٹا اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں نے ایک ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
پولیس، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں کوئی میڈل حاصل نہ کر سکیں۔49 کلوگرام میں واپڈا کے محب اللہ نے گولڈ، نیوی کے دائود خان نے سلور جبکہ پنجاب کے محمد نعیم اور مہروز علی نے برانز میڈلز اپنے نام کیے۔ 52 کلوگرام میں آرمی کے سید محمد آصف فاتح رہے، واپڈا کے امیر حمزہ نے چاندی اور آزاد کشمیر کے انعام اللہ اور ریلوے کے نورعلی نے کانسی کے تمغے جیتے۔
56کلوگرام میں آرمی کے محمد رضا نے گولڈ، واپڈا کے نقیب اللہ نے سلور جبکہ نیوی کے عامر خان اور کے الیکٹرک کے افضل رحمان نے برانز میڈلز پر قبضہ جمایا۔ 60کلوگرام میں واپڈا کے علی احمد گولڈ،آرمی کے ابراہیم سلور جبکہ بلوچستان کے محب اللہ اور پی اے ایف کے نعمت اللہ برانز میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
64کلوگرام میں آرمی کے سلمان بلوچ فاتح رہے، پی اے ایف کے عدنان حسن نے چاندی جبکہ کے پی کے عامر مقصود اور واپڈا کے سردار محمد نے کانسی کے تمغے جیتے۔ 69کلوگرام میں آرمی کے گل زیب فاتح رہے، واپڈا کے عامر خان نے دوسری، سندھ کے فراز احمد نے تیسری اور پنجاب کے احسان اللہ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ 75کلوگرام میں آرمی کے ذوالقرنین فاتح رہے، نیوی کے تنویر احمد سلور جبکہ پی اے ایف کے ارشد حسین اور جاوید اختر برانز میڈلز لے اڑے۔
81کلوگرام میں آرمی کے اویس علی پہلے، پی اے ایف کے نعیم خان دوسرے، پنجاب کے حمزہ بٹ تیسرے جبکہ واپڈا کے نعمت اللہ چوتھے نمبر پر رہے۔ 91کلوگرام ہیوی ویٹ کیٹیگری میں آرمی کے احمد علی نے میدان مار لیا، ریلوے کے غلام شبیر نے سلور جبکہ فاٹا کے عثمان غنی اور پی اے ایف کے محمود الحسن نے برانز میڈل حاصل کیے۔
پلس91کلوگرام میں واپڈا کے میر واعظ نے سونے کا تمغہ جیتا، آرمی کے وقار احمد نے چاندی جبکہ پی اے ایف کے مرزا حمزہ اور پنجاب کے حفیظ اللہ نے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔
واپڈا اسپورٹس بورڈ کے صدر عامر احمد مہمان خصوصی تھے، ایڈوائزر واپڈا اسپورٹس شفقت رانا، ڈائریکٹر آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئرغلام جیلانی، نائب صدر پی او اے/پیٹرن پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن سید محمد عابد قادری، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے چیئرمین افتخار احمد تبسم، سی ای او فیسکو مجاہد اسلام باللہ، ایڈوائزر لیسکو مرزا خالد محمود، ریلوے اسپورٹس آفیسر راشد محمود بٹ بھی موجود تھے جب کہ مہمانان گرامی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔