خبرنامہ

نیوزی لینڈکیخلاف ٹیسٹ سیریز، پاکستانی ٹیم کا ہتھیار تیز کر نے کا سلسلہ جاری

ہیملٹن(ملت + آئی این پی) نیوزی لینڈ کیخلاف دو ٹیسٹ سیریز کیلئے شاہینوں کی تیاریاں جاری ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی کرکٹرز کی تمام شعبہ جات میں سخت پریکٹس جاری ہے، نیلسن میں کوچز نے فیلڈنگ اور خاص طور پر سلپ کیچز پر خصوصی توجہ دی،جبکہ کوچز بلے بازوں کیساتھ ساتھ ٹیل اینڈرزکو بھی بیٹنگ ٹپس دیتے رہے،پاکستان اور نیوزی لینڈ اے کے مابین سہ روزہ پریکٹس میچ (کل)جمعہ سے شروع ہوگا۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے شاہینوں کی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے،نیلسن میں طویل پریکٹس سیشن ہواجس میں سلپ کیچز پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ نئے بالنگ کوچ اظہر محمود نے بالرز کو مفید ٹپس دیں تاکہ پاکستان کا پیس اٹیک تیز پچوں پر کارگر ثابت ہوسکے، پریکٹس میں فاسٹ بالرز نے بانسرز پر مہارت دکھائی۔ٹاپ سکس بیٹسمینوں کو مکی آرتھر نے اہم ٹپس دئیے۔ٹیل اینڈرز کیلئے خصوصی بیٹنگ سیشن کیا گیا۔ پریکٹس میں یاسر شاہ فل ایکشن میں نظر آئے۔پاکستانی ٹیم جمعہ سے کیویزاے ٹیم کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔ دوٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز سترہ نومبر سے کرائسٹ چرچ میں ہوگا جبکہ دوسرا پچیس نومبر کو کھیلا جائے گا۔