خبرنامہ

نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فتح سے کرینگے ، یونس خان

نیلسن۔ 11 نومبر (ملت + اے پی پی) پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز یونس خان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فتح سے کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو شکست دینے کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تمام شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشمتل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 17 نومبر سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔ یونس خان نے کہا کہ کیویز کو انکی سرزمین پر ہرانا کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم ہم پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں میزبان ٹیم کو ٹف ٹائم دیں گے۔ یونس خان نے مزید کہا کہ ہمیں سخت حریف کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت میدان میں اترنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے تاہم جیت کیلئے کھیل کے تمام شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔