ورلڈ باکسنگ چیمپئن محمد وسیم کلاسک فٹبال لیگ کے ایمبیسڈر مقرر
لاہور:(ملت آن لائن) ورلڈ باکسنگ چیمپئن محمد وسیم کلاسک فٹبال لیگ کے ایمبیسڈر بن گئے۔
’فالکن خان‘ کے نام سے جانے جانے والے موجودہ ورلڈ سلور فلائی ویٹ باکسنگ چیمپئن محمد وسیم نے ایمبیسڈر کی حیثیت سے کلاسک فٹبال لیگ جوائن کرنے کا اعلان کردیا، محمد وسیم پاکستان کی تاریخ کے واحد پروفیشنل باکسر ہیں جنھیں ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ واضح رہے کہ فرنچائزکے ماڈل پر سی ایف ایل کا انعقاد روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 کے چند ہفتے بعد اگست میں کراچی میں متوقع ہے۔
حیدر داؤد چیئرمین کلاسک فٹبال لیگ نے محمد وسیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد وسیم دنیا بھر اور پاکستان خصوصا منی برازیل کہلانے والے فٹبال کے گڑھ کراچی کے علاقے لیاری میں بے انتہا مقبول ہیں، وہ فٹبال اور باکسنگ کے نوجوان چاہنے والوں کے یکساں مقبول ہیرو ہیں۔
قبل ازیں شاہدکھوکھر ڈائریکٹر کلاسک لیگ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد وسیم نے سی ایف ایل مینجمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ میں ایمبیسڈر کی حیثیت سے شامل ہونا میرے لیے باعث افتخار ہے، پاکستان میں کھیلوں کا فروغ میرا مشن ہے، میں خود بھی فٹبال کھیلنا پسند کرتا ہوں۔