خبرنامہ

ورلڈ کپ میں 500 دن باقی؛ آئی سی سی شائقین میں جوش بڑھانے لگی

ورلڈ کپ میں 500 دن باقی

ورلڈ کپ میں 500 دن باقی؛ آئی سی سی شائقین میں جوش بڑھانے لگی

دبئی:(ملت آن لائن)آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کیلیے شائقین میں جوش بڑھانے لگی، ایونٹ میں اب 500 دن باقی رہ گئے ہیں جب کہ شیڈول کا اعلان مارچ کے آخر میں ہوگا۔

ورلڈ کپ 2019 کے آغاز میں اب 500 دن باقی رہ گئے ہیں، اسی مناسب سے آئی سی سی نے ایک فہرست جاری کی جس میں موجود 7 بیٹسمینوں کو ایک میگا ایونٹ میں 500 یا زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا، ان میں شامل سچن ٹنڈولکر نے 2 مرتبہ 1996 اور 2003 میں یہ سنگ میل عبور کیا،دیگر کھلاڑیوں میں میتھیو ہیڈن، مہیلا جے وردنے، مارٹن گپٹل، کمار سنگاکارا، رکی پونٹنگ اورتلکارتنے دلشان شامل ہیں۔

اس موقع پر آئی سی سی نے ٹکٹوں کی فروخت کا پروگرام بھی جاری کیا، ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند شائقین کو 30 اپریل تک آئی سی سی کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کی ہدایت دی گئی ہے۔ یکم مئی کو اس حوالے سے پہلی جبکہ اگلی عوامی قرعہ اندازی جولائی میں ہوگی، اس کے بعد ستمبر میں ٹکٹوں کی عام فروخت شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ آئندہ برس شیڈول میگا ایونٹ کیلیے 8 ٹیموں کا پہلے ہی اعلان ہوچکا،ان میں میزبان انگلینڈ،دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، پاکستان، بنگلادیش، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا شامل ہیں۔

رواں برس مارچ میں ہی شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائرز سے دیگر2 ٹیموں کا انتخاب ہونا ہے، مارچ کے آخر میں تمام 48 میچز کے شیڈول اور ٹکٹوں کی قیمت کا اعلان کردیا جائے گا۔ ورلڈ کپ اگلے برس 30 مئی سے 14 جولائی تک ہوگا، یہ چوتھا موقع ہے جب انگلینڈ میگا ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہاکہ شوپیس ایونٹ کی ٹکٹوں کیلیے مانگ بہت زیادہ رہنے کی توقع ہے،اس لیے ابتدائی 2مراحل میں ٹکٹیں قرعہ اندازی کے ذریعے بکیں گی، پھر عام فروخت شروع کی جائے گی۔