خبرنامہ

وسیم اکرم کی تنقید پرشعیب ملک نے جوابی فائرداغ دیا

دبئی:(ملت+اے پی پی) وسیم اکرم کی تنقید پر شعیب ملک نے جوابی فائر داغ دیا، آل راؤنڈر نے دورئہ انگلینڈ میں ٹیم سے الگ تھلگ رہنے کا الزام مستردکرتے ہوئے کہاکہ لیجنڈ کرکٹر سے اس نوعیت کے تبصرے کی توقع نہیں تھی،امید ہے کہ وہ احساس کرتے ہوئے آئندہ پاکستانی کرکٹرز کے بارے میں مثبت باتیں کہیں گے۔ دبئی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران شعیب ملک نے کہا کہ ٹی وی پر کمنٹری کرتے ہوئے بعض اوقات لوگ ایسی باتیں کرتے ہیں جو شائقین کی توجہ حاصل کریں،آل راؤنڈر نے ٹیم سے الگ تھلگ رہنے کا الزام مستردکرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈ کرکٹروسیم اکرم سے اس نوعیت کے تبصرے کی توقع نہیں تھی،یقین ہے کہ سابق کپتان معاملے کا احساس کرتے ہوئے آئندہ پاکستانی کرکٹرز کے بارے میں مثبت باتیں کریںگے۔ان کا کہنا تھا کہ میں بطور ٹیم مین کپتان سے تعاون کرتے ہوئے ضرورت کے مطابق ٹاپ آرڈر میں ہر پوزیشن پر بیٹنگ کرچکا ہوں،انھوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل میچز سے محرومی کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنا بڑی کامیابی ہے، محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی ٹاپ پر جگہ بنانا چاہتے ہیں، ہمیں کئی باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں،ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹوئنٹی 20سیریز میں سخت چیلنج کا سامنا کرنے کیلیے پوری طرح تیار ہیں۔ پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں ٹی وی چینل پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا تھا کہ شعیب ملک کو دیکھیں، انھوں نے مجھے سخت مایوس کیا ہے، آل راؤنڈر تھرڈ مین پوزیشن پر فیلڈنگ کیلیے جاتے اور وہیں کھڑے رہتے ہیں۔ ایک سینئر کھلاڑی کا کردار ادا کرتے ہوئے انھیں بولرز کی رہنمائی اور کپتان کی معاونت کرنی چاہیے، مجھے یہ بات قطعی طور پر نظر نہیں آئی، بظاہر وہ معاملات میں کوئی دلچسپی لیتے اور ون ڈے سیریز کے بارے میں فکرمند دکھائی نہیں دیے۔