خبرنامہ

وفاقی حکومت کاقومی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے میں بدترین کارکردگی کا نوٹس

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میں بد ترین کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری آئی پی سی اوراسپورٹس بورڈ نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کی تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ کے ہاتھوں بد ترین شکست کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اولمپکس گیمز میں مایوس کن کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا جب کہ کھیلوں کی موجودہ صورتحال اوراسپورٹس کی تشخص کی بحالی کے لیے فوری طور پر سیمینار کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ حکومت قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں بد ترین شکست پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 44 رنز اور دوسرے میچ میں 4 وکٹوں سے ہار گئی تھی جب کہ تیسرے ایک روزہ میچ میں 169 رنز سے ہراکر انگلینڈ نے سیریزاپنے نام کرلی ہے۔