خبرنامہ

ون ڈے میں ناکام بابر اعظم نے تلافی کردی

ون ڈے میں ناکام بابر اعظم نے تلافی کردی

ماؤنٹ ماؤنگانوئی:(ملت آن لائن) بابراعظم نے ون ڈے میں ناکامی کی تلافی ٹی 20 میں کردی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کا بیٹ تقریباً خاموش رہا تھا تاہم فارمیٹ بدلتے ہی وہ بھی اپنی سوئی ہوئی فارم کو جگانے میں کسی حد تک کامیاب رہے، انھوں نے کیویز کے خلاف 3 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز میں اپنے باقی ساتھی کھلاڑیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ 109 رنز بنائے، جس میں 50 رنز ناٹ آؤٹ کی ایک اننگز بھی شامل ہے جس کی بدولت ان کی ایوریج 54.50 رہی، اس دوران اسٹرائیک ریٹ مگر 125.58 تھا۔
دوسری جانب اوپنر فخر زمان نے اگرچہ تین میچز میں 33 کی اوسط سے 99 رنز بنائے مگر اس دوران اسٹرائیک ریٹ قابل قدر 145.58 رہا۔ آخری دو میچز کھیلنے والے احمد شہزاد نے 31.50 کی ایوریج اور 121.15 کے اسٹرائیک ریٹ سے 63 رنز اسکور کیے، کپتان سرفراز احمد نے 26.33 کی اوسط سے 79 اسکور کیے جبکہ اسٹرائیک ریٹ 133.89 رہا۔ ادھر بولرز میں شاداب خان نے سب سے زیادہ پانچ وکٹیں لیں، اس دوران ان کی ایوریج بھی 14.80 رہی، اگرچہ انھیں تیسرے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تاہم سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ محمد عامر کے نام رہا جنھوں نے تین میچز میں تین ہی وکٹیں لی اور ان کی ایوریج بھی 21.33 تھی تاہم اکانومی ریٹ 5.81 تھا۔ رومان رئیس اور فہیم اشرف نے 4، 4 وکٹیں لیں، دونوں کی ایوریج بالترتیتب23.00 اور 21.25 رہی۔