خبرنامہ

ویسٹ انڈیزبورڈ کا کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر غور

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) ویسٹ انڈیزکرکٹ بورڈ (ڈبلیو آئی سی بی) کے آپریشنز منیجر رولینڈ ہولڈر نے کہاہے کہ سیکورٹی مسائل کے حل ہونے اور کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشن کی اجازت کی صورت میں رواں سال مارچ میں 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر غور کررہے ہیں۔ کرک انفو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رولینڈ ہولڈر کا کہنا تھا کہ ‘پی سی بی کی جانب سے پاکستان میں دوٹی ٹوئنٹی کھیلنے کی ایک پیش کش ہے جوویسٹ انڈیزپلیئرز ایسوسی ایشن (ویپا) اور سیکورٹی سے مشروط ہے’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ ڈبلیو آئی سی بی کو پی سی بی کی جانب سے ایک سیکیورٹی منصوبہ موصول ہوچکا ہے جس کو ہم نے داخلی سلامتی کے منیجر کو بھیجا ہے جبکہ ویپا اور داخلی سلامتی کا ایک آزاد ادارہ سیکیورٹی رپورٹ تیار کرنے میں مصروف ہے’۔ رولینڈ ہولڈر نے کہا کہ ‘ڈبلیو آئی سی بی اور ویپا دونوں کھلاڑیوں اور اسٹاف کی سلامتی کے لیے اپنے طورپر بہت متحرک ہے جیسے ہی یہ رپورٹ موصول ہوں گی تو پھر بورڈ میچوں کے مقامات کا دورہ کرکے حتمی فیصلہ کرے گا’۔ پی سی بی نے آئی سی سی کے حالیہ ایک اجلاس میں ویسٹ انڈیز بورڈ کو ٹیم کے دورے پر غور کرنے کے لیے قائل کرنے میں کامیاب ہوا اور متوقع طور پر لاہور18 مارچ اور 19 مارچ کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے ویسٹ انڈیز ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ان میچوں کے بعد مزید دو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے امریکی ریاست فلوریڈا روانہ ہوں گی۔