کنگسٹن ۔(ملت آن لائن) ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج) ہفتہ کو لوڈر ہل میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلی جا چکی ہیں، ٹیسٹ سیریز میں میزبان ویسٹ انڈین ٹیم نے مہمان بنگال ٹائیگرز کو 2-0 سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا تاہم ون ڈے سیریز میں مہمان ٹیم کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے کالی آندھی کو 2-1 سے ہرا کر ٹیسٹ سیریز میں شکست کا بدلہ چکا لیا، اب دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کیلئے جنگ جاری ہے، دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی ٹونٹی سیریز میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی آج ہفتہ کو جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 5 اگست کو کھیلا جائے گا