لاہور(آئی این پیٕ)پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی ) سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے، انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی ٹیم کا حصہ بننے والے عماد بٹ بغیرکھیلے ٹیم سے باہرہوگئے،نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں نمایاں کارکردگی اور ڈسپلن کی یقین دہانی پر مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ویسٹ انڈیزکے خلاف سیریزکے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، خالد لطیف، بابراعظم، محمد رضوان، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر،وہاب ریاض، سہیل تنویر، محمد نواز، شعیب ملک اورسعد نسیم سمیت رومان رئیس بھی شامل ہیں۔15رکنی اسکواڈ میں عمر اکمل کی بھی واپسی ہوئی ہے جب کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی ٹیم کا حصہ بننے والے عماد بٹ بغیرکھیلے ٹیم سے باہرہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی جس میں قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچز 23، 24 اور27 ستمبرکو کھیلے گی۔ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم 15 ستمبر کو متحدہ عرب امارات پہنچے گی، کالی آندھی دورے کے دوران گرین شرٹس کے خلاف تین ٹی ٹونٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ کالی آندھی کو جارح مزاج اوپننگ بلے باز کرس گیل کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی انہوں نے پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے عدم دستیابی ظاہر کی تھی۔ متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر ویسٹ انڈین ٹیم کیلئے پاکستان کو زیر کرنا چیلنجنگ ہو گا۔ ویسٹ انڈین ٹیم 20 ستمبر کو ایمرٹس کرکٹ بورڈ الیون کے خلاف وارم اپ میچ سے دورے کا آغاز کرے گی، اس کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان باضابطہ طور پر سیریز کا آغاز 23 ستمبرکو پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی 24 ستمبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور کالی آندھی کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 30 ستمبر دوسرا میچ 2 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 5 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل 7 سے 9 اکتوبر تک پاکستان کرکٹ بورڈ پیٹرن الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین روزہ وارم اپ میچ کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 13 سے 17 اکتوبر،دوسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 30 اکتوبر سے 3 نومبر تک کھیلا جائے گا۔