خبرنامہ

ویلنگٹن ٹیسٹ؛مضبوط بنگلہ دیشی قدم لڑکھڑانے لگے

ویلنگٹن:(ملت+اے پی پی) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں مضبوط بنگلہ دیشی قدم لڑکھڑانے لگے، چوتھے روز کے اختتام تک صرف 66 رنز پر تین وکٹیں گنوادیں، مجموعی برتری 122رنز ہوگئی، تمیم اقبال نے 25 رنز بنائے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 539 رنز پر تمام ہوئی، ٹام لیتھم نے177 رنز بنائے، مچل سینٹنر 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، قمر الاسلام نے 3 جب کہ شکیب، محمود اللہ اور سبھاشس رائے نے دودو وکٹیں لیں۔ پہلی اننگز میں 122 رنز کی برتری حاصل کرنے کے باوجود دوسری باری میں بنگلہ دیش کی میچ پر گرفت کمزور پڑنے لگی ہے، آغاز میں ہی اسے اوپنر امرالقیس کی جدائی برداشت کرنا پڑی جوکہ صرف 24 رنز بنانے کے بعد کولہے کی انجری میں مبتلا ہوکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، دوسرے اوپنر تمیم اقبال نے 25 رنز بنائے اور مچل سینٹنر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ محمود اللہ صرف پانچ رنز بناکر نیل واگنر کا شکار ہوگئے جن کی شارٹ پچ بال ان کے بیٹ کو بوسہ دیتے ہوئے وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ کے گلوز میں محفوظ ہوگئی۔ نائٹ واچ مین کے دوران میدان میں اترنے والے مہدی حسن مرزا آخری لمحات میں صرف ایک رن پر وکٹ گنوابیٹھے، سینٹنر کی نان اسٹرائیک اینڈ کی جانب تھرو نے ان کے کریز تک پہنچنے سے قبل بیلز اڑادیں۔ جس وقت چوتھے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو بنگلہ دیش نے 3 وکٹ پر 66 رنز بنائے تھے، مومن الحق 10 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 292 رنز 3 وکٹ سے کیا، لیتھم اور ہینری نکولس کی جوڑی مجموعے کے 347 تک پہنچتے ہی ٹوٹ گئی، نکولس 53 رنز پر شکیب الحسن کی گیند پر مہدی حسن کا کیچ بن گئے۔ ڈی گرینڈ ہوم 14 کو سبھاشس روائے نے امرالقیس کی مدد سے قابو کیا۔ لیتھم کی بھی آخ کار ہمت 177 رنز بناکر جواب دے گی، انھیں شکیب نے ایل بی ڈبلیوکیا۔ ان کی اننگز ایک چھکے اور 18 چوکوں سے مزین تھی۔ واٹلنگ کو 49 کے انفرادی اسکور پر محموداللہ نے امرالقیس کا کیچ بنایا۔ ٹم ساؤتھی 1 کو محموداللہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ نیل ویگنر 18 کا شکار قمر الاسلام نے کھیلا، مچل سینٹنر 73 رنز بناکر سباشس رائے کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی اننگز 539 رنز پر تمام ہوگئی۔ قمر نے 3 جب کہ مہدی حسن، سبھاشس رائے اور شکی الحسن نے 2، 2 وکٹیں لیں۔