خبرنامہ

ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ: بھارت کی نیپال کو شکست

بنکاک (ملت + اے پی پی) بھارتی باؤلرز کی انتہائی شاندار باؤلنگ کی بدولت بھارت کی ویمن ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے ایک میچ میں نیپال کی ٹیم کو بآسانی 99 رنز سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم کی باؤلرز نے انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کے سامنے نیپالی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی اور خزاں رساں پتوں کی طرح پویلین لوٹتی چلی گئی، باؤلرز نے نیپالی ٹیم کو سنبھلنے کا موقع ہی فراہم نہ کیا نیپال کی ٹیم کی کوئی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔ بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بناکر نیپالی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 121 رنز کا ہدف دیا۔ شیخا پانڈے نا قابل شکست 39 اور ویلا شوامی وانیتھا 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ جواب میں بھارتی باؤلرز کے سامنے نیپالی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 21 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پونم یادوو نے 3، انوجا پٹیل اور میگھانا نے 2,2 جبکہ شیخا پانڈے، مانسی جوشی اکتا بیست نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا اور یوں بھارتی ٹیم نے نیپال کی ٹیم کو میچ میں بآسانی 99 رنز سے شکست دے دی۔