خبرنامہ

ویمن نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان: نیوزی لینڈ کو 2-0 سے برتری حاصل

لنکن (ملت + اے پی پی) ایمی سیٹرتھ ویٹ کی شاندار ناقابل شکست سنچری اور کیٹی مارٹن کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو مسلسل دوسرے ون ڈے میچ میں 60 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت ہوا، نیوزی لینڈ کی ٹیم کی ایمی سیٹرتھ ویٹ نے ناقابل شکست137 اور کیٹی مارٹن نے 65 رنز کی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے تاہم بارش کے باعث بعد میں پاکستان کو 34.2 اوورز میں 203 رنز کا ہدف ملا اور ملنے والے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 34.2 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 142 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی نین عابدی 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ جمعہ کو نیوزی لینڈ کی ٹیم کی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ٖفیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ میزبان ٹیم کی طرف سے کپتان سوزی باٹیز اور راچل پیرئسٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ سوزی باٹیز پہلی آؤٹ ہونے والی کھلاڑی تھی جو 32 رنز بناکر ثناء میر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئی، پیرئیسٹ دوسری آؤٹ ہونے والی کھلاڑی تھی جو 27 رنز بناکر سادیہ یوسف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئی، اس کے بعد ایمی سیٹرتھ ویٹ اور کیٹی مارٹن نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 150 قیمتی رنز بنائے اس موقع پر کیٹی مارٹن اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 65 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئی، سوفی ڈیوائن نیوزی لینڈ کی چوتھی آؤٹ ہونے والی کھلاڑی تھی جو 34 رنز بناکر ماہم طارق کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئی۔ ایمی سیٹرتھ ویٹ 137 اور پری 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 309 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے ماہم طارق، سادیہ یوسف اور ثناء میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز کے بعد شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا بعد میں پاکستان کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 34.2 اوورز میں 203 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب کی کوشش میں پاکستان کی طرف سے اسماویہ ظفر اور ناہیدہ خان نے اننگز کا آغاز کیا، اسماویہ ظفر 2 رنز بناکر روی کی گیند پر نیوٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئی، نین عابدی دوسری آؤٹ ہونے والی کھلاڑی تھی جو 45 رنز بناکر سوزی باٹیز کی گیند پر آؤٹ ہوگئی، ناہیدہ خان تیسری آؤٹ ہونے والی کھلاڑی تھی جو 33 رنز بناکر نیوٹن کی گیند پر پیرئسٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئی، ندا ڈار چوتھی آؤٹ ہونے والی کھلاڑی تھی جو 3 رنز بناکر سوزی باٹیز کی گیند کا نشانہ بنی۔ بسمہ معروف 30 اور اسماویہ اقبال 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں یوں پاکستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 142 رنز بنا سکی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کی ویمن ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 60 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔