خبرنامہ

ویمن ون ڈے میچ: نیوزی لینڈ کو 1-0 کی برتری حاصل

نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی
لنکن ۔ 09 نومبر (اے پی پی) نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی کپتان سوزی باٹیز اور ثام کرٹز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ بدھ کو نیوزی لینڈ کی ٹیم کی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ میزبان ٹیم کی باؤلرز کے سامنے پاکستان کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پہلے کھیلتے ہوئے خزاں رساں پتوں کی طرح پویلین لوٹتی چلی گئی، پاکستان ٹیم کی 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔ پاکستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 49 اوورز میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 157 رنز کا ہدف دیا جو بعد میں میزبان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نین عابدی اور اسماویہ اقبال نے 49، 49 رنز سکور کیے ان دو کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے لیا ٹاہوہو نے تین، مورنا نیلسن نے دو، ہڈلیسٹن، روی، ایملیا کر اور ساٹرتھویٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں میزبان ٹیم کی طرف سے سوزی باٹیز اور ثام کرٹز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف 23 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی کپتان سوزی باٹیز اور ثام کرٹز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ سوزی باٹیز نے 64 رنز جبکہ ثام کرٹز نے ناقابل شکست 55 رنز بنائے۔ یوں میزبان ٹیم نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔