انڈور ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں سابق ہم وطن پلیئر ڈینئل ویٹوری کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، اس کے ساتھ ہی وہ ملک کی طرف سے زیادہ رنز بنانے والے ساتویں بلے باز بن گئے۔ ولیمسن نے بھارت کے خلاف آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا، ویٹوری نے 4523 رنز بنا رکھے تھے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹیسٹ میچز میں زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سٹیفن فلیمنگ کو حاصل ہے جنہوں نے 7172 رنز بنا رکھے ہیں۔ ولیمسن بھارت کے خلاف آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اترے تو انہیں ویٹوری کا ریکارڈ توڑنے کیلئے 24 رنز درکار تھے، انہوں نے اپنی اننگز کے ابتدائی 24 رنز جوڑ کر ویٹوری کو زیادہ رنزوں کی فہرست میں پیچھے چھوڑ دیا۔