اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) ٹریولز ٹرافی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ 24 جون سے یونین کلب کراچی میں شروع ہوگی۔ ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر خالد رحمانی نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش رکھنے والے کھلاڑی 22 جون تک انٹری کروا سکتے ہیں۔ چیمپئن شپ میں مختلف کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہونگے جن میں مینز، لیڈیز، جونیئر انڈر9- ، انڈر11-، انڈر 13-، انڈر15- اور انڈر 17- کے سنگلز اور ڈبلز مقابلے شامل ہیں جبکہ پاکستان سافٹ ٹینس ایسوسی ایشن کے تعاون سے سافٹ منیز اور ویمنز سنگلز اور مرد کے ڈبلز کے علاوہ وہیل چیئرمینز ڈبلز مقابلے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ 30 جون تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔