خبرنامہ

ٹیسٹ رینکنگ، پاکستان کے پاس دوسری پوزیشن پر چھلانگ لگانے کا موقع

دبئی:(ملت+اے پی پی) ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کو پھر دوسری پوزیشن پر چھلانگ لگانے کا موقع مل گیا، چوتھے نمبر سے ترقی کیلیے آسٹریلیا کو کسی بھی مارجن سے زیر کرنا ہوگا، تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ناکامی گرین کیپس کو پانچویں درجے پر پہنچا دے گی پاکستانی ٹیم نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران ٹیسٹ رینکنگ میں الٹا سفر کیا، وہ ٹاپ سے چوتھے نمبر پر پہنچی مگر اب ایک بار پھر پہلی پوزیشن کی جانب واپسی کا موقع میسر آرہا ہے،اس کیلیے لازمی طور پر آسٹریلیا کو شکست دینا ہوگی۔ بھارت کی انگلینڈ پر سیریز فتح سے صورتحال کافی حد تک واضح ہوچکی، اب اگر انگلش ٹیم آخری میچ جیت بھی لے تو اس کے پوائنٹس 103 ہوجائیں گے، میزبان کے 4-0 سے سیریز اپنے نام کرنے پر اس وقت دوسرے نمبر پر موجود انگلش ٹیم کے 101 پوائنٹس باقی رہ جائیں گے۔ دونوں ہی صورتوں میں آسٹریلیا پر کسی بھی مارجن سے فتح گرین کیپس کو دوبارہ دوسرے نمبر پر پہنچا دے گی۔ اس وقت ٹیم کے پوائنٹس 102 جبکہ کینگروز 105 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ گرین کیپس اگر وائٹ واش کریں تو ان کے پوائنٹس 108، 2-0 سے کامیابی پر 107 اور 1-0 سے فتح پر 105 پوائنٹس ہوجائیں گے۔ اگر پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں کسی بھی مارجن سے ناکام ہوئی تو اسے جنوبی افریقہ کی جگہ پانچویں نمبر پر جانا پڑے گا،البتہ سیریز ڈرا ہونے کی صورت میں گرین کیپس کو ایک پوائنٹ ملے گا اور وہ 103 پوائنٹس کی صورت میں چوتھے نمبر پر رہیں گے۔ بھارت اس وقت 115 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر براجمان ہے جبکہ انگلینڈ سے سیریز کے اختتام پر وہ اپنے نمبرون اسٹیٹس کو مزید مضبوط کرلے گا، اس کے بعد اسے اپنے ملک میں ہی آسٹریلیا کا بھی سامنا کرنا ہے اس لیے فی الحال پوزیشن کو کوئی خطرہ دکھائی نہیں دیتا۔ نیوزی لینڈ اور سری لنکا 96، 96 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور ساتویں نمبر پر موجود ہیں، ویسٹ انڈیز (69) اور بنگلہ دیش (65) آٹھویں اور نویں درجے پر ہیں، زمبابوے صرف پانچ پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخر میں ہے۔