خبرنامہ

ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان سال کا اختتام ٹاپ پوزیشن کے ساتھ کریگا

ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان سال کا اختتام ٹاپ پوزیشن کے ساتھ کریگا
دبئی:(ملت آن لائن) ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں بھارت سرتوڑ کوشش کے باوجود پاکستان کی ٹاپ پوزیشن کو نہ پاسکا۔

بھارت رواں برس زیادہ تر کرکٹ اپنے ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلی اور سال کا اختتام سری لنکا کے خلاف 3 میچز کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ سے کیا اس کے باوجود اس کا مختصر ترین فارمیٹ کی رینکنگ میں پاکستان کی ٹاپ پوزیشن چھیننے کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔

آئی لینڈرز کے خلاف سیریز سے قبل بھارتی ٹیم 119 کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود تھی تاہم تینوں میچز میں کامیابی کی بدولت اس کے ہاتھ دو پوائنٹس لگے جن سے مدد پاکر اس نے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے نمبر پر قبضہ جمایا، اب بھی پاکستان اس سے پورے تین پوائنٹس آگے ٹاپ پر موجود ہے۔

پلیئرز رینکنگ میں آسٹریلیا کے اوپنر ایرون فنچ اور پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر عماد وسیم نے بالترتیب ٹاپ رینکڈ بیٹسمین اور بولر کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ فنچ کی طرح ویسٹ انڈیز کے اوپنر ایون لیوس کو بھی ایک درجہ ترقی ملی جس سے وہ دوسرے نمبر چلے گئے جبکہ بھارتی اداکارہ انوشکا شرما سے شادی کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز سے دستبردار ہونے والے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو تیسرے درجے پر جانا پڑا ہے، وہ ون ڈے میں ٹاپ رینکڈ اور ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے بہترین بیٹسمین ہیں۔

عماد وسیم کو بھی ایک درجہ ترقی حاصل ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ دنیا کے بہترین بولر بن گئے ہیں، سری لنکا سے ابتدائی دو میچز میں وکٹ سے محروم رہنے اور تیسرے میچ سے باہر ہونے والے جسپریت بمرا تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے کیریئر بیسٹ دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔ فنچ اور عماد دونوں ہی اس سے قبل ٹاپ پوزیشن سے لطف اندوز ہوچکے ہیں، فنچ نے بیٹنگ چارٹ کے ٹاپ پر 121 میچز اور 368 دن گزارے جبکہ عماد اس سے قبل 15 میچز اور 132 دن تک دنیا کے ٹاپ بولرز کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں، وہ آخری مرتبہ رواں برس کو 4 نومبر تک نمبرون پوزیشن پر فائز رہے تھے۔

بھارت کے لوکیش راہول اور روہت شرما کو بھی آئی لینڈ بولرز کی درگت بنانے کا اچھا صلہ ملا ہے، راہول 23 درجے لمبی جست لگا کر چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے جبکہ روہت شرما کو اندور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں 118 رنز کی اننگز کابدلہ 6 درجہ ترقی سے ملا جس کی بدولت وہ 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل واحد پاکستانی بابر اعظم بدستور گیارہویں نمبر پرموجود ہیں۔