خبرنامہ

پابندی ختم ہونے کے باوجود محمد حفیظ پر خطرے کی تلوارلٹکنے لگی

لاہور (ملت + آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین محمد حفیظ پر عالمی کرکٹ میں بولنگ کرانے پر پابندی اٹھالی گئی ہے جن کے حالیہ تجزئیے میں بولنگ ایکشن آئی سی سی کے مقررہ قوانین کے مطابق پایا گیاہے۔بولنگ پر پابندی ختم کئے جانے کے بعد محمد حفیظ کو انٹرنیشنل میچوں میں بولنگ کرانے کی اجازت دیدی گئی ہے لیکن ان کے بولنگ ایکشن کی دوبارہ رپورٹ ہونے کے خطرے کی تلوار ان کے سرپردوبارہ لٹکنے لگی ہے۔پہلے بھی دوبار ان کا ایکشن کلیئر ہوجانے کے بعد رپورٹ ہوچکاہے۔کرکٹ حلقوں کا کہناہے کہ محمد حفیظ نے اگر ایکشن دوبارہ رپورٹ ہونے کے ڈر سے محتاط انداز میں بولنگ کرائی تو ان کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے جیساکہ سعید اجمل کے معاملے میں ہواہے۔بیٹنگ میں پرفارم نہ کرپانے کے سبب محمد حفیظ پر بولنگ میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے شدید دباؤ ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اگرکسی بولرکا ایکشن سال میں دوبار رپورٹ ہوجائے تو اس پر خودبخود ایک سال کی پابندی عائد ہوجاتی ہے۔محمد حفیظ یہ پابندی پوری کرنے کے بعد آسٹریلیامیں اپنے بولنگ ایکشن کی دوبارہ جانچ کرانے کے بعد ہی انٹرنیشنل میچوں میں بولنگ کرانے کیلئے اہل قرار دئیے گئے ہیں۔