خبرنامہ

پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں: ملک ریاض

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) قومی باسکٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ ملک محمد ریاض نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل سطح سہولیات فراہم کی جائیں تو انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں لگائے گئے اسلام آباد سولیڈیریٹی گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں باسکٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے کھلاڑی کسی سے کم ہیں، ایک وقت تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر ہاکی، سکواش اور سنوکر میں کھیل کے میدان میں حکمرانی کی ہے اور امید ہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستانی کھلاڑی دوبارہ عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن کھلاڑیوں کو سخت سے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سولیڈیریٹی گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں باسکٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں شروع ہو گیا ہے اور کیمپ کیلئے ملک بھر سے آٹھ کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں نعمت اللہ، راشد مہناس، محمد عاطف، پریم شہزاد، احمد جان، نصیب رضا، محمد زاہد، مزمل حسین اور محمد عاقب شامل ہیں جن میں سے چھ کھلاڑیوں نے رپورٹ پیش کر دی ہے اور دو کھلاڑیوں نے امتحانات کے باعث کیمپ جوائن نہیں کیا اور وہ آئندہ چند روز میں کیمپ جوائن کر لیں گے، ان کھلاڑیوں کو دو سیشن میں صبح و شام تربیت دی جا رہی ہے اور ہفتے میں تین دن کھلاڑیوں کی فٹنس کیلئے جم میں ویٹ ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ اسلام آباد سولیڈیریٹی گیمز 12 مئی سے 22 مئی تک باکو، آزربائیجان میں کھیلی جائے گی جس میں دنیا بھر کے اسلامی ممالک شرکت کریں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ پاکستان باسکٹ فیڈریشن کے زیراہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے اور پاکستان سپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کررہا ہے، ایک اور سوال کے جواب میں ملک ریاض نے بتایا کہ تعلیمی ادارے کھیلوں کی ترقی کیلئے اہم کردار اداکر سکتے ہیں اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے نظام کو یقینی بنانے سے ملک میں کھیلوں کا نظام میں بھی بہتری آسکتی ہے